Friday, April 26, 2024

حمزہ شہباز کو تیرہ نومبر تک گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب

حمزہ شہباز کو تیرہ نومبر تک گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب
November 1, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو تیرہ نومبر تک گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ضمانت قبل ازگرفتاری کے لئے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت نے تیرہ نومبر تک حمزہ شہباز کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا اور جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار حمزہ شہباز پر کیا الزامات ہیں؟۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف نیب کے روبرو تین کیسز چل رہے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں، صاف پانی کمپنی اور رمضان شوگر ملز کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ نیب کے بلانے پر حمزہ شہباز نے پیش ہونا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔ وکیل نے بتایا کہ تفتیس میں نیب کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔ نیب ایک کیس میں بلا کردوسرے کیس میں گرفتاری ڈال دیتا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت تمام کیسز میں قبل از گرفتاری ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی تینوں مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری تیرہ نومبر تک منظور کرلی اوردس دس لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے کا حکم دے دیا۔