Monday, May 6, 2024

حمزہ شہباز نے وزیراعظم کو ملک کا سب سے بڑا مافیا قرار دے دیا

حمزہ شہباز نے وزیراعظم کو ملک کا سب سے بڑا مافیا قرار دے دیا
December 11, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے وزیراعظم عمران خان کو ملک کا سب سے بڑا مافیا قرار دے دیا۔

حمزہ شہباز نے کہا عمران نیازی نے نیا پاکستان کیا بنانا تھا پرانا بھی برباد کر دیا۔ آج مہنگائی کی شرح اٹھارہ فیصد تک پہنچ چکی اور آپ کہتے ہیں پاکستان میں مہنگائی سب سے کم ہے۔ جائیں گلی محلوں میں دیکھیں ، لوگ اپنے بچوں کو بھوکا سلانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو نون لیگ دور کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانے کا طعنہ بھی دے دیا۔

حمزہ شہباز نے کہا حکومت سے جان چھڑانا، قومی اور دینی ذمے داری ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے بیڈ گورننس کیخلاف چالان کاٹ دیا ہے ۔ یہ بنی گالہ میں بیٹھ کر کہتے ہیں مہنگائی ہی نہیں ۔ عمران خان کا احتساب ہوگا ، بھاگنے نہیں دینگے۔ ان کا کہنا تھا انڈسٹری کو گیس مل نہیں رہی ،پٹرول آسمان سے باتیں کر رہا ہے۔ گرین لائن نوازشریف کا منصوبہ تھا۔ اپنا کام کرتا نہیں اور تختیاں لگاتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا ہو گا۔