Thursday, April 25, 2024

حمزہ شہباز نے غنڈہ گردی کی ، نیب کا کارروائی سے متعلق اعلامیہ جاری

حمزہ شہباز نے غنڈہ گردی کی ، نیب کا کارروائی سے متعلق اعلامیہ جاری
April 5, 2019

 لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی جانب سے مبینہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری کے معاملے پر نیب نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا حمزہ شہباز نے غنڈہ گردی کی۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے اور مبینہ طور پر منی لانڈنگ کے معاملے پر نیب لاہور کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں واقع حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا جہاں کارکنان کی جانب سے شدید  نعرے بازی کے علاوہ  نیب کی گاڑیوں کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا۔   

 حمزہ شہباز کی گرفتاری تو عمل میں نہ آئی لیکن چھاپے کے لیے آئی نیب ٹیم کو حمزہ شہباز کے گارڈز کی جانب سے باقاعدہ زدو کوب کیا۔  

 نیب لاہورکی پریس ریلیز کے مطابق نیب حکام قانون کے مطابق ملزم حمزہ شہباز کے وارنٹ  گرفتاری لے کر گئے لیکن حمزہ شہباز کے گارڈز کی جانب سے  غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا ، اہلکاروں کے کپڑے پھاڑنے کےعلاوہ  انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔  

 نیب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں  واضع کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ  نیب کو کسی بھی ملزم  کی گرفتاری  کے لیے قبل از گرفتاری آگاہ کرنا ضروری  نہیں ہے تاہم حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی صریح خلاف ورزی  کی گئی۔

نیب واضح کرتا ہے کہ  نیب  کی  جانب سے ملزم حمزہ شہباز  کی ٹھوس شواہد کی بنیاد  اور سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں گرفتاری  عمل میں لائی جائے گی۔