Thursday, April 25, 2024

حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج

حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج
February 17, 2021

کراچی (92 نیوز) حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کو کراچی کی اے ٹی سی عدالت میں پہنچا دیا گیا۔

پی ایس اٹھاسی ملیر کے ضمنی الیکشن کے دوران حلقے کے کئی علاقے میدان جنگ بنے رہے۔ ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے حلیم عادل شیخ اور ان کےسکیورٹی گارڈز گرفتار کر لیئے۔ مشتعل کارکنوں نے خوب نعرے لگائے۔

ملیر میمن گوٹھ تھانےمیں چار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ایس ایچ او کی مدعیت میں ایک مقدمے میں حلیم عادل شیخ اور باقی تین مقدمات میں حلیم عادل کے سکیورٹی گارڈز کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمات میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ ساتھی سمیر شیخ اور تین سے چار مسلح افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشن کے اطراف  گھوم رہے تھے۔ ان کے ساتھ آنے والوں کے پاس لاٹھیاں بھی تھیں۔

مقدمے کےمتن میں کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے ساتھ موجود مسلح افراد نے دہشت پھیلانے کے لئے فائرنگ کی۔ ہوائی فائرنگ سےعلاقے میں خوف وہراس پھیلا اور بھگڈر مچ گئی۔ مسلح افراد نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور وردیاں پھاڑ دیں۔

ایف آئی آر کے مطابق حلیم عادل شیخ کے حکم پر پولیس موبائل پارٹی پر فائرنگ کی گئی اور پولیس موبائل کے شیشے بھی توڑے گئے۔