Wednesday, May 8, 2024

حلقہ دو سو چھیالیس کے عوام نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو جتا کر الزامات لگانے والوں کا منہ بند کر دیا: قائد ایم کیو ایم الطاف حسین

حلقہ دو سو چھیالیس کے عوام نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو جتا کر الزامات لگانے والوں کا منہ بند کر دیا: قائد ایم کیو ایم الطاف حسین
April 24, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) الطاف حسین نے کہا ہے کہ دو سو چھیالیس کے عوام نے  ایم کیو ایم کے امیدوار کو جتا کر الزامات لگانے والوں کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔ حلقہ دو سو چھیالیس میں  جیت کے بعد جناح گراؤنڈ  میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا  اپنے کارکنوں سے دل کا رشتہ ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو بھی پُرامن انتخابی مہم چلانے پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی پولنگ کے بعد کارکنوں کی جانب سے کی جانے والی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر معافی بھی مانگی۔ اس موقع پر انہوں نے اس کامیابی پر تین روزہ جشن کا بھی اعلان کیا۔ کارکنوں سے خطاب کے دوران الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے  گورنر سندھ  کے اختیارات میں اضافے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کے اختیارات پولیس، رینجرز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی سطح تک بڑھائے جائیں تاکہ وہ عوام کی بہتر خدمت کر سکیں۔ الطاف حسین نے پیشین گوئی کی کہ ایم کیو ایم کراچی اور حیدر آباد کے کنٹونمنٹ ایریاز میں ہونے والے  بلدیاتی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔