Tuesday, April 23, 2024

حلب: شامی فوج نے 12اضلاع پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا: روس

حلب: شامی فوج نے 12اضلاع پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا: روس
November 29, 2016

دمشق (ویب ڈیسک) شامی فضائیہ نے مشرقی حلب میں باغیوں کے زیرکنٹرول علاقوں پر شدید بمباری کی۔ شامی فورسز نے باغیوں کو پیچھے دھکیل کر ضلع السخور کا بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ضلع السخور پر کنٹرول سے باغیوں کے زیرقبضہ علاقے دو حصوں میں تقسیم ہو گئے ہیں۔ حکومتی فورسز بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیز مواد کو صاف کر کے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مشرقی حلب میں شدید لڑائی کی وجہ سے ہزاروں شہری محفوظ علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں خاندان اسی علاقے میں بے گھر ہو چکے ہیں۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے شہر کے بارہ اضلاع پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب میں ڈھائی لاکھ افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے جن میں ایک لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔

ادھر مشرقی حلب میں موجود سات سال کی بانا البادجن کے ٹویٹ نے ہزاروں افراد کو رلا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مشرقی حلب میں شدید بمباری جاری ہے۔ اس کے گھر پر بھی بم گرے۔ ہم زندگی اور موت کے درمیان ہیں، ہمارے لیے دعا کی جائے۔۔