Tuesday, April 23, 2024

حضور اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی

حضور اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی
December 1, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) نبی آخرالزماں اور دنوں جہانوں کے لیے رحمت حضرت محمدﷺکی آمد پر ملک کا گوشہ گوشہ خوشیوں سے بھر گیا ہے۔ گلی گلی اور نگر نگر درود سلام کے نذرانے پیش کیے جا رہے ہیں۔ عید میلاد البنیﷺ کے موقع پر نماز فجر کے بعد وفاقی دار الحکومت میں 31، صوبائی دار الحکومتوں میں 21 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
آقائے دو جہاں سرور کونین رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد کے پرمسرت موقع پر ملک بھر میں جشن منایا جا رہا ہے۔ عید میلاد النبیﷺ کی خوشیوں میں کراچی تا کشمیر ہر سو درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
عید میلاد البنی ﷺ کے موقع پر نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں سلامی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے اکتیس توپوں کی سلامی دی۔
اس موقع پر فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
دوسری طرف لاہور میں محفوظ شہید گریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جس کے بعد جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقاریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
کراچی میں پاک بحریہ کی یونٹ پی این ایس بہادر میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پشاور کے کرنل شیر خان شہید سٹیڈیم، اور کوئٹہ میں بھی اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔