Saturday, April 27, 2024

سندھ اسمبلی میں حضرت محمد مصطفیﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبین لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

سندھ اسمبلی میں حضرت محمد مصطفیﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبین لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
June 15, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تاریخی قراردادیں منظور کر لی گئیں۔ حضرت محمد مصطفی ﷺ کےنام کےساتھ لازمی خاتم النبین لکھنے کی قراردادمتفقہ طور پرمنظورکی گئی،حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کے روضہ مقدسہ کی تعمیر کی قرارداد بھی متفقہ طور پرمنظور کرلی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں  حضرت محمد مصطفی ﷺ کے نام کے ساتھ لازمی خاتم النبین لکھنے کی قرارداد ایم کیوایم  کے رہنما محمد حسین نےپیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد  میں کہا گیا کہ  اللہ کریم نے آپ ﷺکےبعد  نبوت کےدروازے بند کر دیے ، لازمی قرار دیاجائے کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کا نام جب جہاں لکھا جائے خاتم النبین لکھاجائے ، ختم نبوت ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔

قائدحزب اختلاف  فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کے بعد نبوت کےدروازے بند ہوگئے ، سندھ میں قانون بنایا جائے کہ ہر کتاب میں خاتم النبین لکھنا لازم ہو۔

سندھ اسمبلی نے حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کےروضہ مقدسہ   کی تعمیرکی قرارداد بھی منظورکرلی۔متفقہ قرارداد تمام پارلیمانی جماعتوں کےنمائندوں نے پیش کی تھی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب کی حکومت سےرابطہ کرے ، خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کےروضہ مبارک کی تعمیر کےلیے مالی  رکاوٹ ہوتو ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ جنت البقیع میں حضرت فاطمتہ الزہرہ کا روضہ مبارک کی تعمیر کےلیےسفارتی تعلقات استعمال کیےجائیں۔