Saturday, May 11, 2024

حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھرمیں عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے

حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھرمیں عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے
October 19, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھرمیں عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔ 

توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، عاشقان رسول کی جانب سے شہر شہر ریلیاں اور جلوس، ملک بھرمیں چراغاں، گلیاں محلے سج گئے۔ شاہراہوں اور عمارتوں کو بھی برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

عاشقان رسول ﷺ بھرپور مذہبی عقیدے سےآقا کا میلاد منا رہے ہیں۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر لاہور کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

جشن عید میلادالنبیﷺ پر اندرون شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔ والڈ سٹی اتھارٹی نے گلی سورجن سنگھ، شاہی گزرگاہ، دہلی دروازہ اور مسجد وزیر خان چوک کو دلکش برقی قمقموں سے سجایا ہے۔

شاد باغ کے علاقے میں آقا ﷺ کے دیوانوں نے فوڈ سٹریٹ بھی بنائی جس میں باربی کیو ، پٹھورے سے لیکر قتلمہ اور دہی بڑے ، لڈو پیٹھی کے سٹالز پر مفت پکوان تقسیم کیے گئے۔

ایل ڈی اے دفاتر الحمرا، واپڈا ہاؤس سبز روشنیوں سے جگمگا اٹھا جبکہ مال روڈ پر سرکاری عمارات پرخوبصورت چراغاں کیا گیا ہے۔

جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے اسلام آباد میں عمارتوں پر چراغاں کا شاندار منظر، شہر بھر کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

راولپنڈی میں بھی بازاروں، مارکیٹس، دکانوں اور گھروں کو بھی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

ڈھوک رتہ راولپنڈی کے علاقے میلاد نگر کے شہری محمد یعقوب نے گیارہ فٹ لمبا اور چھے فٹ چوڑا باب حرم بنا کر بہترین انداز میں آقائے دو جہاں سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

باب حرم دیکھنے آئی ننھی بچیوں نے خضور کی بارگاہ میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ 

جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں جڑواں شہروں کی گلی کوچوں میں جلوس نکالے جارہے ہیں اور محفل میلاد کی تقاریب بھی منعقد کی جارہی ہیں جس میں عاشقان رسول اپنے اپنے انداز میں نبی کریم ﷺ سے عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔

فیصل آباد میں وزیرمملکت فرخ حبیب نے 63 پاؤنڈ کیک کاٹا، چنیوٹ میں وادی عزیز شریف دربار پر 63 من وزنی کیک کاٹا گیا۔ رینالہ خورد میں عاشقان رسول نے 400 پاؤنڈ کیک کاٹا، گوجرانوالہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ کے دیوانوں نے 100 من کھیر تیار کی۔