Friday, May 17, 2024

حضرت مادھولعل حسین کی 3 روزہ عرس  کی تقریبات شروع ، زائرین کی بڑی تعداد کی شرکت

حضرت مادھولعل حسین کی 3 روزہ عرس  کی تقریبات شروع ، زائرین کی بڑی تعداد کی شرکت
March 25, 2017
لاہور(92نیوز)حضرت شاہ حسینؒ المعروف حضرت مادھولعل حسین کی 3 روزہ سالانہ عرس تقریبات کا آغاز ہوگیا زائرین کی بڑی تعداد میں دربار پر حاضری دی اور دھمال بھی ڈالی ۔ تفصیلات کےمطابق حضرت شاہ حسین کے429 ویں عرس کا افتتاح سیکرٹری اوقاف ،ڈی جی مذہبی امور  نے رسم چادر پوشی کے ذریعے  کیا، چادر پوشی کے بعد مہمانوں اور عمائدین شہر کی دستار بندی کی گئی  اور ملک و قوم کی سر بلندی، اس کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت، ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے عفریت کے خاتمہ کے لئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔  میلہ چراغاں کے نام سے اقوام عالم میں پہچانے جانے والے سالانہ عرس حضرت شاہ حسین پر حاضری کی غرض سے پاکستان سمیت دیگر ممالک سے بھی زائرین کی ایک بڑی تعداد لاہور پہنچ رہی ہے ۔ عقیدت مندوں کی جانب سےمنتیں اتارنے کا سلسلہ بھی جاری  ہے ۔ عرس تقریبات کے موقع پر روایتی انداز میں بھرپور طریقے سے میلہ چراغاں نہ سجنے کی وجہ سے زائرین کی اکثریت کا کہنا ہے کہ سیکورٹی انتظامات کرنا سرکاری اداروں کا کام ہے۔ اگر اسمبلی اجلاس ہو سکتے ہیں، تو سیکورٹی انتظامات کر کے میلہ چراغاں روایتی انداز میں کیوں منعقد نہیں کروایا جا سکتا۔ حضرت شاہ حسین لاہوری کے  سالانہ عرس کی تقریبات مسلسل 3 یوم تک جاری رہیں گی۔