Wednesday, April 24, 2024

حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ کے تین روزہ عرس کے تقریبات جاری

حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ کے تین روزہ عرس کے تقریبات جاری
November 20, 2016

لاہور (92نیوز) حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے نوسو تہترویں عرس کے دوسرے روز کی تقریبات جاری ہیں۔ زائرین اور عقیدت مند بڑی تعداد میں حاضری کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ عرس کے موقع پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے تین روزہ عرس کے دوسرے روز اندرون و بیرون ملک سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئی درودو سلام کا ورد کرتے ہوئے حاضری دے رہا ہے تو کوئی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے چادر پوشی کرنے کے لیے پیدل آ رہا ہے۔ دودھ کی تاریخی سبیل سمیت طرح طرح کے پکوانوں پر مشتمل لنگر بھی زائرین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

عقیدت مندوں کا کہناہے کہ انہیں حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ پر آ کر دلی سکون ملتا ہے۔ جامع مسجد داتار دربار میں محافل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں علمائے کرام حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کی سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈال رہے ہیں جبکہ محفل سماع میں بھی حاضرین بڑی تعداد میں شریک ہیں۔

عرس کے موقع پر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ دربار سے ملحقہ سڑکوں کو خار دار تار اور بیریئرز لگا کر مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے۔ زائرین کو مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔