Friday, April 26, 2024

حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کا آخری روز‘ درود و سلام کی محفلیں جاری

حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کا آخری روز‘ درود و سلام کی محفلیں جاری
November 21, 2016

لاہور (92نیوز) لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے نوسو تہترویں عرس کا آج تیسرا اور آخری روز ہے۔ دربار پر درود و سلام، حمد و ثناءاور نعت خوانی کی محفلیں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عرس کے آخری روز رونقیں عروج پر پہنچ گئیں۔ ملک اور بیرون ملک سے آئے ہزاروں زائرین کوئی درود و سلام پیش کر رہا ہے تو کوئی حمد و ثناءمیں مصروف ہے۔ ٹولیوں کی شکل میں بیٹھے عقیدت مند نعت خوانی بھی کر رہے ہیں۔

کئی محفل سماع میں شریک ہیں۔ آخری روز بھی زائرین کی آمد کا سلسلہ رکا نہیں جن کا کہنا ہے حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ پر آ کر دلی سکون ملتا ہے۔ دوسری جانب زائرین کیلئے دودھ اور لنگر چوبیس گھنٹوں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ چائے‘ جوس اور دیگر اشیاءبانٹنے والے بھی ہیں اور عقیدت اور ثواب کی نیت سے کھانے والے بھی۔ جامع مسجد داتا دربار میں خصوصی محافل کا انعقاد آج بھی جاری رہے گا جس میں علمائے کرام حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔