Friday, March 29, 2024

حضرت داتا گنج بخش ؒ کا 973واں عرس مبارک آج شروع ہو رہا ہے

حضرت داتا گنج بخش ؒ کا 973واں عرس مبارک آج شروع ہو رہا ہے
November 19, 2016

لاہور (92نیوز) حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش کے نو سو تہترویں سالانہ عرس کی تقریبات آج نماز ظہر کے بعد شروع ہوں گی۔ دربار انتظامیہ اور پولیس نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کا مکمل نام علی بن عثمان ہجویری ہے۔ آپ کی کنیت ابوالحسن اور آپ کا لقب داتاگنج بخش ہے۔ حضرت داتا گنج بخش 400 ہجری میں افغانستان کے شہر غزنی سے متصل ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی سید عثمان ہجویری ہے۔ حضرت سیدنا علی ہجویری حضرت زید کے واسطے سے سیدنا امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی اولاد سے ہیں۔

حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار مزار پر چادر پوشی کے ذریعے کریں گے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حضرت داتاگنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ عرس کی تین روزہ تقریبات میں جہاں لاکھوں لٹر خالص دودھ تقسیم کیا جاتا ہے وہیں ہزاروں دیگیں بھی زائرین اور عقیدت مندوں میں تقسیم کی جاتی ہیں۔