Thursday, March 28, 2024

حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کو غسل دے دیا گیا

حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کو غسل دے دیا گیا
September 21, 2018
لاہور (92 نیوز) حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پرانوار کو غسل دے دیا گیا۔ برصغیر کے عظیم روحانی بزرگ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار پرانوار کو غسل دینے کی 975 ویں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ قاری سید صداقت علی نے اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کر کے کانوں میں حلاوت کا رس گھولا۔ معروف ثنا خوان مرغوب احمد ہمدانی نے بارگاہ رسالت مآبﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کر کے سماں باندھ دیا۔ غسل کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ، رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان اور ڈی جی مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر مہمانوں نے عرق گلاب کےساتھ مزارشریف کو غسل دیا اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پر ملکی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تقریب غسل کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سیکرٹری اوقاف ذوالفقار گھمن انتظامات کا جائزہ بھی لیتے رہے۔