Friday, March 29, 2024

حضرت داتا علی ہجویری ؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

حضرت داتا علی ہجویری ؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا
November 19, 2016

لاہور (92نیوز) حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آج باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صوبائی وزراءکے ساتھ مل کر رسم چادر پوشی ادا کی۔ تفصیلات کے مطابق حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے نوسو تہترویں عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز آج رسم چادر پوشی کی ادائیگی کے بعد شروع ہو گیا۔

بابرکت تقریب میں قاری صداقت علی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ مرغوب ہمدانی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، صوبائی وزیر اوقاف عطا مانیکا، وزیر خوراک بلال یاسین اور محکمہ اوقاف کے افسران نے رسم چادرپوشی ادا کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ وہ ہستی ہیں جن کے فیض سے برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی شمع روشن ہوئی۔

عرس کے موقع پر لگائی جانے والی دودھ کی تاریخی سبیل کا بھی افتتاح کر دیا گیا جس میں ملک بھر سے لایا جانے والا لاکھوں لٹر دودھ زائرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔