Friday, April 26, 2024

حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر ؒ کے حالات زندگی

حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر ؒ کے حالات زندگی
October 18, 2015
پاکپتن (92نیوز) صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعودؒ نے اپنی تعلیمات میں لوگوں کے حقوق، برابری اور بھائی چارے کی بات کی۔ آپ ؒولادت کے کچھ عرصہ بعد ہی والد کی شفقت سے محروم ہو گئے۔ تعلیم کے حصول کے شوق نے آپ کو انڈیا کا سفر بھی کرایا۔ تفصیلات کے مطابق حضرت فریدالدین گنج شکرؒ 1176ءمیں ملتان کے موضع کھتوال میں پیدا ہوئے۔ آپ کے دو بھائی اور ایک بہن تھی۔ آپ کے والد گرامی حضرت جمال الدین سلمان قاضی کے عہدے پر فائض تھے جو آپ کی ولادت کے کچھ عرصہ بعد ہی جہان فانی سے رحلت فرما گئے اور آپ کی پرورش کی تمام تر ذمہ داری آپکی والدہ خاتون قرسم بی بی نے ادا کی۔ حضرت فرید الدینؒ نے ابتدائی تعلیم میں علم و فقہ کی کتابیں پڑھیں اوراس کے بعد اس دور کے نامور عالم دین مولانا منہاج الدین ترمذی کے پاس ملتان میں سلسلہ تدریس جاری رکھا۔ خواجہ بختیار کاکیؒ کے حکم پر تبلیغ اسلام کے لیے انڈیا کی ریاست ہریانہ بھی گئے۔ خواجہ بختیار کاکیؒ کے وصال کے بعد ہجرت کر کے قصبہ اجودھن پاکپتن آکر آباد ہوگئے۔ آخری وقت میں آپ نے تزکیہ نفس اور انسانی فلسفے کی تعلیمات دیں۔ آپؒ کی انفرادیت یہ بھی ہے کہ آپ اہل تحقیق کے نزدیک پنجابی کے پہلے بڑے اور باقاعدہ شاعر ہیں جن کا کلام تحریری شکل میں محفوظ ہو سکا۔ اشعار کے ذریعے لوگوں کے قلب اور روح کے تزکیہ کیلئے کام کرتے رہے۔