Tuesday, May 21, 2024

حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے 773ویں عرس مبارک کی تقریبات شروع ہو گئیں

حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے 773ویں عرس مبارک کی تقریبات شروع ہو گئیں
October 15, 2015
پاکپتن (92نیوز) پاکپتن میں برصغیر کے مشہور صوفی بزرگ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے 773ویں سالانہ عرس مبارک کی پندرہ روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے تقریبات کاآغاز کیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے اہم درگاہوں کے سجادہ نشین حضرات بھی موجود تھے۔ عرس مبارک کی تقریبات میں شمولیت کے لئے ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد پاکپتن میں آنا شروع ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ، پو لیس اور میونسپل انتظامیہ نے سکیورٹی اور انتظامی معاملات کو مکمل کر لیا ہے۔ ہر سال 20 سے 25لاکھ زائرین عرس میں شرکت کے لئے پاکپتن آتے ہیں۔ اس سال زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتظا مات کئے جارہے ہیں۔ زائرین کی سکیورٹی کیلئے بارہ سو پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ دربار کے ارد گرد اور شہر کے اندر مختلف مقا مات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ دربار کے اردگرد کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔ بہشتی دروازہ پانچ محرم الحرام کی شام کو کھولا جائے گا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد قطاروں میں لگ کر اس دروازے میں سے گزرتے ہیں۔ بہشتی دروازہ کھلنے کے وقت عرس کی تقریبات عروج پر پہنچ جاتی ہیں۔