Thursday, March 28, 2024

حضرت اِمام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم پر ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں

حضرت اِمام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم پر ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں
October 8, 2020
کراچی (92 نیوز) حضرت اِمام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر سخت سکیورٹی کے تحت آج پورے پاکستان میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ جلوسوں کا انعقاد کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر چھوٹے شہروں میں کیا جا رہا ہے۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے سہ پہر ایک بجے برآمد ہوا۔ جلوس کے آغاز سے قبل، مارٹن روڈ پر شاہ نجف امام بارگاہ سے ایک علم جلوس صبح 9 بجے کے قریب نشتر پارک پہنچا۔ کراچی میں جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بند کردی گئی ہے۔ صبح 12 بجے تک ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ خواتین، بچوں، بوڑھوں، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے عہدیداروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کراچی میں مرکزی جلوس کے راستے کو کنٹینرز سے محفوظ کردیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر راستوں کی جانچ کر رہا ہے۔ جلوس کے لئے 5000 سے زائد اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔ حکومت سندھ نے اسکولوں کے لئے صوبہ بھر میں تعطیل کا اعلان کیا۔ کراچی ٹریفک پولیس نے چہلم کے لئے ٹریفک پلان جاری کیا۔ لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس کا آغاز آج صبح حویلی علیف شاہ سے ہوا۔ ماتمی جلوسوں کے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے اور ملک بھر میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ملتان میں حویلی مرید شاہ سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات، کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ گجرات میں چہلم حضرت اِمام حسینؓ کے موقع پر ضلع بھر میں جلوس جاری ہیں، ماتمی جلوس اور مجالس کا بھی اہتمام ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔ ضلع بھر میں موبائل سروس جزوری طور پر بند ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ، ڈی پی او عمر سلامت نے لالہ موسیٰ، عادوال اور مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مجلس چہلم کے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔ حیدرآباد میں شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس انجمن امامیہ سندھ کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا، جلوس میں شبیہ تابوت، شبیہ ذوالجناح اور دیگر زیارات شامل ہیں۔