Saturday, September 7, 2024

حضرت امام حسین کی عظیم قربانی ہمیں  ظلم ،جبر اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرنے کا درس دیتی ہے : آصف زرداری

حضرت امام حسین کی عظیم قربانی ہمیں  ظلم ،جبر اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرنے کا درس دیتی ہے : آصف زرداری
October 23, 2015
کراچی(92نیوز)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ظلم، جبراور ناانصافی کے خلاف ہر حالت میں جدوجہد کرنا ضروری ہے۔ حضرت امام حسینؓ کا کردار قیامت تک آنے والی نسلوں کے لئے مینارۂ نور کی حیثیت رکھتا ہے۔   تفصیلات کےمطابق یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ہر حالت میں جدوجہد کرنا ضروری ہے یومِ عاشور پر شہدائے کربلا کی قربانیوں پر ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم ظلم، جبر، آمریت اور ناانصافیوں کے خاتمہ کے لئے کوشاں رہیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ موجودہ دور میں جبر اور ظلم اور آمریت نئی نئی شکلوں میں نمودار ہو رہی ہے اور ان ظالمانہ قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں حسینی جذبہ سے کام لینا ہوگاکہ ہم موجودہ دور کی جابر قوتوں کے سامنے کمزوری کا مظاہرہ نہیں کریں گے اور برائی اور ناانصافی کو ختم کرنے کے لئے جدوجہد میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے بیان کے آخر میں پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ ان کو فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہوکر آمریت، ظلم اور جبر کی حامی قوتوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے متحدہ ہو جائیں اور پوری قوم عزم صمیم کے ساتھ متحمل مزاجی اور رواداری کا کلچر پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔