Tuesday, April 23, 2024

حسین حقانی کو واپس لانے میں اہم پیشرفت،انٹرپول نے ایف آئی اے کے خط کا جواب دیدیا

حسین حقانی کو واپس لانے میں اہم پیشرفت،انٹرپول نے ایف آئی اے کے خط کا جواب دیدیا
October 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) میمو گیٹ اسکینڈل میں مطلوب امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو پاکستان واپس لانے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،  انٹرپول نے ایف آئی اے کے خط کا جواب دے دیا۔ دو ملین ڈالرز کے فنڈ خورد برد کیس میں حسین حقانی کی جائیداد کی تلاش کا عمل شروع کردیا گیا۔ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے لیے ایک اور مشکل بڑھ گئی ، سفارتخانے کے دو ملین ڈالرز کے فنڈ خورد برد کیس میں جائیداد کی تلاش کا عمل شروع  ہو گیا، جائیداد ٹریس آؤٹ ہونے پر ضبطی کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا ۔ میموگیٹ اسکینڈل میں نیب نے حسین حقانی کو واپس لانے کا عمل بھی شروع کردیا ، وزارت داخلہ کو  اقدمات کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ،  وزارت خارجہ اب متعلقہ حکومت سے خط و کتابت کرے گا۔ انٹرپول نے  ایف آئی اے کے خط کا جواب دے دیا ، بتایا گیا کہ انٹرپول نے مطلوب سفیر کی امریکہ میں لوکیشن کا پتہ چلا لیا  ہے ۔ سپریم کورٹ میں میموگیٹ اسکینڈل کی سماعت کے دوران  عدالتی معاون احمر بلال صوفی نے کہا حسین حقانی  کی واپسی سے متعلق پیشرفت رپورٹ آئندہ سماعت جمع کرادی جائے گی  ۔ جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ وہ جانے سے پہلے اس کام کو  نمٹانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔