Friday, April 19, 2024

حسان نیازی پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد

حسان نیازی پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد
December 14, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی  کو پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد کر دیا گیا ، گرفتاری کے لیے پولیس نے  چھاپے مارے مگر  کامیابی نہ مل سکی ،وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ  حسان نیازی کیخلاف بھرپورکارروائی کی جارہی ہے،جلدقانون کےشکنجے میں آجائیں گے۔ پنجاب میں دل کے سب سے بڑے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروکلاء کے حملے کی ایف آئی آر میں وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کو بھی نامزد کردیاگیا،پولیس کے مطابق حسان نیازی کی گرفتاری کے لئے ریسٹورنٹ،دفتر اور گھرپرچھاپے بھی مارے گئے۔ ایف آئی آر کی ضمنی میں لکھاگیاہے کہ حسان نیازی توڑ پھوڑ اور پولیس کی گاڑی کو نذر آتش کرنے میں پیش پیش  تھے۔ حسان نیازی کی گرفتاری کے لیےپانچ بارچھاپے مارے گئے،تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ پی آئی سی پر وکلاء نے دھاوابولا تو سامنے آنے والی فوٹیج میں حسان نیازی وکلا کو حملے پراکساتے نظرآئے ، فوٹیجز نے جوکہانی بیان کی اس کے مطابق حسان نیازی توڑپھوڑ میں بھی پیش پیش رہے۔ سوشل میڈیا پرعوامی حلقوں نےبیرسٹر حسان خان نیازی کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ، تنقیدکی ساری توپوں کا رُخ اپنی طرف دیکھ کر خود کو انسانی حقوق کاعلمبردارقراردینے والےحسان واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرنے لگے۔ وکلانے پی آئی سی پر دھاوابولا توصوبائی وزیراطلاعات فیاض چوہان نے ن لیگ کے ملوث ہونے کادعویٰ کرنے میں دیرنہ لگائی۔تاہم حملے کی فوٹیجز کچھ اورتصویرہی سامنے لائیں جن میں وزیراعظم کے بھانجےحملہ آوروکلاکے ساتھ پیش پیش تھے۔ ابتداء میں وکلاء کے خلاف درج مقدمے میں حسان نیازی کو نامزدنہیں  کیا گیاتھا جس پر پنجاب حکومت اور پولیس کاشدیدتنقیدکانشانہ بنایاگیا۔