Sunday, May 12, 2024

حسان نیازی پھر آؤٹ آف کنٹرول، گاڑی کو ٹکر مارنے پر شہری کو مکا جڑ دیا

حسان نیازی پھر آؤٹ آف کنٹرول، گاڑی کو ٹکر مارنے پر شہری کو مکا جڑ دیا
January 10, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی ایک بار پھر آؤٹ آف کنٹرول۔ گاڑیاں ٹکرانے پر آپے سے باہر ہوگئے، دوسری گاڑی کے ڈرائیور کو مکا مار دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تشدد کی تعریف بھی کردی، کہنے لگے کہ کسی کو ایک مکا مارنا تشدد نہیں کہلاتا۔ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی آؤٹ آف کنٹرول ہوگئے، لاہور میں پی آئی سی حملے کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے بعد ایک اور معاملے میں ملوث ہوگئے، لاہور میں گاڑی ٹکرانے پر آپے سے باہر ہوگئے۔ لاہور کے ایک کلب میں داخل ہوتے ہوئے ایک گاڑی حسان نیازی کی گاڑی سے ٹکراگئی، بس پھر کیا تھا کہ حسان نیازی غصے میں آگئے اور دوسری گاڑی کو ٹھڈے مارنا شروع کردیئے، یہی نہیں ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گالیاں بھی دیں۔ حسان نیازی نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر ایک مکا لگ بھی گیا تو یہ تشدد نہیں کہلاتا، ساتھ ہی یہ بھی بولے لاہور میں روزانہ کروڑوں گاڑیاں لگتی ہیں، نقصان پورا کرنے پر اتفاق ہونے کے بعد بات ختم ہوگئی۔ حسان نیازی کو اس سے قبل پی آئی سی حملے کی ایف آئی آر میں بھی نامزد کیا گیا تھا، پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے مگر گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی، اس کے بعد انہوں نے عبوری ضمانت کرالی تھی۔