Friday, May 17, 2024

حسان اللہ نیازی کے گھر چھاپہ کے باوجود پولیس گرفتاری میں ناکام

حسان اللہ نیازی کے گھر چھاپہ کے باوجود پولیس گرفتاری میں ناکام
December 13, 2019
لاہور (92 نیوز) منصوبہ بندی کےتحت ہونیوالے اس واقعہ میں حکومت کو سازش تو صاف صاف دکھائی دے رہی ہے مگر پولیس موبائل پر ہلہ بولنے والا وزیراعظم کا بھانجا دکھائی نہیں دے رہا۔ بیرسٹرحسان اللہ نیازی تیسرے روز بھی قانون کی گرفت میں نہ آسکا۔ حکومتی وزیروں نے آج بھی قانون کی بالادستی کا لیکچر دے کر ذمہ داری پوری کردی۔ وزیراعظم عمران خان کے بھانجے کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔؟ پولیس موبائل کو آگ لگانے والا حسان اللہ نیازی اب تک قانون کی پہنچ سے دور کیوں ہے؟ حکومت حسان اللہ نیازی کی گرفتاری کا اعلان تو کر رہی ہے مگر پولیس ملزم تک کیوں پہنچ نہیں پا رہی؟ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں۔ حسان  نیازی  قانون کی گرفت میں ضرور آئیں گے۔ حسان نیازی کی عدم گرفتاری کا سوال وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی کیا گیا جس پر ان کا کہنا تھا۔ وزیراعظم نے اپنے کسی بھی رشتہ دار کی گرفتاری یا اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے نہیں روکا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا حسان نیازی کا نام ایف آئی آر میں نہیں تو بڑی بات نہیں،انویسٹی گیشن کے دوران نام ضمنیوں میں ڈالا جا سکتا ہے۔ اُدھر لاہور پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ نے بیرسٹر حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے انکے گھر پر چھاپہ مارا تاہم حسان نیازی گھر پر نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہو سکے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ بیرسٹر حسان نیازی وزیراعظم عمران خان کے بھانجے اور تجزیہ کار حفیظ اللہ خان نیازی کے بیٹے ہیں۔