Wednesday, April 24, 2024

حریم شاہ کو وزارت خارجہ تک رسائی کیسے ملی ، انکوائری شروع

حریم شاہ کو وزارت خارجہ تک رسائی کیسے ملی ، انکوائری شروع
October 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) حریم شاہ کی اہم حکومتی عمارتوں میں جاکر ویڈیوز بنانے پر سوشل میڈیا پر طوفان مچ گیا ، صارفین نے حکومت سے شدید ناراضی کا اظہار ، حریم شاہ کو   وزارت خارجہ تک رسائی کیسے ملی ؟ انکوائری شروع کردی گئی۔ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی اہم حکومتی عمارت میں انٹری نے سوشل میڈیا پر آگ لگادی ، صارفین غصے سے پھٹ پڑے، حکومت کی اہم عمارت میں کھلے عام گھومنے پر خوب تنقید کا نشانہ بنانے لگے۔ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے سپورٹر فرحان ورک بھی اس پر خاموش نہ رہ سکے، لکھتے ہیں جو بھی حریم شاہ کو ایسی حساس جگہوں پر لے کر گیا اس کی تفتیش کی ضرورت ہے، اگر حریم شاہ جا سکتی ہے تو معلوم نہیں کہ کون کون پہلے بھی ایسے جا چکا ہے؟ انھوں نے مطالبہ کیا کہ یہ انتہائی حساس نوعیت کا مسئلہ ہے، جس کی مکمل چیکنگ کی ضرورت ہے۔ ایک اور صارف امیر بلوچ نے حریم شاہ کو  وزارت خارجہ داخل کرانے والے کے حوالے سے سوال اٹھائے ہیں ۔ خلیل نامی ٹویٹر صارف لکھتے ہیں ایک عام پاکستانی وہاں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا جبکہ ٹک ٹوک ادکارہ وہاں موجود ہیں ، وزارت خارجہ کی عمارت میں موجودگی کی تصاویر کے حوالے سے ایک صارف نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محمد اویس چوہدری نامی پی ٹی آئی صارف کا کہنا تھا کہ عام کارکن جو حکومت کا مثبت پہلو اجاگر کرتے ہیں ان کو وزرا ملنا تو دور سلام لینا بھی پسند نہیں کرتے۔ راشد محمود نے سوال کیا کہ اب کیا وزارت خارجہ یا گورنر ہاؤس ٹک ٹاک کیلئے رہ گیا ہے، یا حریم شاہ کوئی سپیشل چیز ہے؟، کیا کسی اور پاکستانی کو جس کو وزیر مشیر اندر لانے والا نہ ہو اس کو بھی ٹک ٹاک بنانے کی اجازت ہوگی؟۔