Tuesday, May 21, 2024

حرم شریف کرین حادثے کے ذمہ داروں کاتعین کر دیا گیا

حرم شریف کرین حادثے کے ذمہ داروں کاتعین کر دیا گیا
December 16, 2015
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے پبلک پراسکیوشن بیورو نے گیارہ ستمبر کو حرم شریف میں کرین حادثہ کے پانچ ذمہ داروں کا تعین کر لیا۔ ذمہ دار قرار دیئے گئے اعلیٰ عہدیداروں میں سرکاری حکام بھی شامل ہیں جبکہ بن لادن کمپنی کو عہدیداروں کے ملک چھوڑنے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے پبلک پراسیکوشن بیورو نے رواں سال گیارہ ستمبر کو حرم کعبہ میں پیش آنے والے کرین حادثہ کے ذمہ داروں کا تعین کر لیا۔ سعودی اخبار ”الوطن“ کے مطابق ذرائع نے ان پانچ عہدیداران کا نام نہیں بتایا تاہم ان افراد میں حکومتی عہدیدار بھی شامل ہیں اور ان سب پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیورو نے اپنی تحقیقات کا آغاز دو ماہ قبل بن لادن کمپنی کے مشتبہ افراد سے کیا تھا اور اسے انہی کے بیانات سے اس حادثے میں کمپنی کی غفلت کا حتمی ثبوت ملا ہے۔ جدہ کا بیورو اپنی تحقیقات کے نتائج ریاض میں موجود بیورو کے مرکزی دفاتر میں بھیجے گا جس کے بعد ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ تفتیش کے مکمل ہونے تک کمپنی کے اعلیٰ عہدیداران کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران کمپنی نئے منصوبوں میں حصہ بھی نہیں لے سکتی۔