Monday, May 13, 2024

حریت رہنماؤں نے وزیر اعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب کو کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی قرار دیدیا

حریت رہنماؤں نے وزیر اعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب کو کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی قرار دیدیا
September 26, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا خطاب کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی جبکہ  نریندر مودی کے خطاب کو بھارت کی ہٹ دھرمی اور دہشت گردانہ سوچ کا پلندہ قرار دے دیا ،حریت رہنماوں کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ حریت رہنماوں نے خطاب میں کہا کہ بھارت اپنی جاری ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو شہید کرتا ہے ۔

حریت رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی خطاب کو دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کی ترجمانی کی اور مودی کا گھناؤنا  چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔

حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔