Friday, April 26, 2024

حریت رہنما سید علی گیلانی کو سرینگر کے علاقے حیدرپور میں سپرد خاک کر دیا گیا

حریت رہنما سید علی گیلانی کو سرینگر کے علاقے حیدرپور میں سپرد خاک کر دیا گیا
September 2, 2021 ویب ڈیسک

سرینگر (92 نیوز) حریت رہنما سید علی گیلانی کو سرینگر کے علاقے حیدرپور میں سخت فوجی محاصرے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

مودی حکومت اور بھارتی غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج بوکھلاہٹ ، ڈر اور خوف کا شکار ہو گئی۔ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لئے اپنی زندگی وقف کرنے والے بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کو صبح 4 بجے سخت فوجی محاصرے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

سید علی گیلانی اللہ کے حضور پیش ہونے سے قبل بھی بھارتی نام نہاد جمہوریت کا جنازہ نکال گئے۔

ان کی نماز جنازہ میں چند قریبی رشتہ داروں کو ہی شرکت کرنے کی اجازت مل سکی لیکن ان کی وفات کا سوگ مقبوضہ وادی سمیت پوری دنیا میں منایا جا رہا ہے۔

ظالم اور قابض مودی حکومت نے ہم پاکستانی ہیں۔۔پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ لگانے والے سید علی گیلانی کی وصیت کا بھی پاس نہ رکھا۔ سید علی گیلانی کی وصیت تھی کہ انہیں شہدا قبرستان میں دفن کیا جائے لیکن انہیں سری نگر کے علاقے حیدرپورہ میں ان کے گھر کے قریب چند میٹر کے فاصلے پر ہی سپردخاک کر دیا گیا۔

گزشتہ رات جونہی ان کی رحلت کی خبر آئی پوری مقبوضہ وادی کی مساجد سے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند ہوئیں۔ قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کرتے ہوئے کرفیو نافذ کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی سکیورٹی اداروں نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے گزشتہ رات ہی سید علی گیلانی کا جسد خاکی اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور گھر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ ساری رات کشمیر بھر کی مساجد میں  ہم کیا چاہتے آزادی بھارت سے لیں گے آزادی کے نعرے بلند کیے جاتے رہے۔

بھارت نے سید علی گیلانی کو رات کی تاریکی میں تو سپرد خاک کر دیا لیکن پوری دنیا میں ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے۔ ان کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کی جدوجہد کو قیامت تک قابض بھارتی فوج کو للکارتی رہے گی۔