Thursday, April 18, 2024

حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں ختم قرآن کی روح پرور تقاریب ہوئیں

حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں ختم قرآن کی روح پرور تقاریب ہوئیں
June 3, 2019
مکہ ( 92 نیوز) حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں ختم قرآن کی روح پرور تقاریب  منعقد ہوئیں ،  جن میں مسلم  ممالک کے سربراہان سمیت لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے امت مسلمہ کیلئے رقت آمیز دعا کرائی،مدینہ منورہ میں باران رحمت نے بابرکت رات کی رونقیں بڑھادیں۔ رمضان المبارک کا آخری عشرہ اختتام کے قریب ہے، 29 رمضان کی شب حرم شریف میں ختم قرآن کی روح پرور تقریب ہوئی جس میں مسلم ممالک کے سربراہان سمیت پچیس لاکھ سے زائد فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ رمضان المبارک کی آخری طاق رات کو حرم شریف میں گزارنے کیلئے عبادت گزاروں کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ، مغرب کے وقت تک مسجد الحرام زائرین، معتمرین اور نمازیوں سے کھچا کھچ بھر گئی۔ ختم قرآن کی تراویح کی امامت امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کرائی، نماز کے بعد انھوں نے امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعا کرائی، اس موقع پر فرزندان اسلام اشکبار آنکھوں اور سسکیوں بھری آہوں کے ساتھ اپنے رب سے مغفرت طلب کرتے رہے۔ مدینہ منورہ میں ختم القرآن کے دوران باران رحمت نےاورنماز تراویح کے روح پرور مناظر نےلوگوں کے ایمان تازہ کر دیے ، فرزندان اسلام نے اللہ کے حضور مغفرت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ مسجد نبوی ﷺ میں دس لاکھ کے قریب افراد موجود تھے۔