Wednesday, April 24, 2024

حدیبیہ کیس: نیب کی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست

حدیبیہ کیس: نیب کی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست
January 15, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) حدیبیہ کیس میں نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کر دی۔
شریف خاندان کے لئے نئی مشکل آ گئی۔ نیب نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنسز دوبارہ کھولنے کے لئے اپیل مسترد کئے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف عدالت عظمیٰ میں نظر ثانی اپیل دائر کر دی۔
40صفحات پر مشتمل نظر ثانی درخواست کا ڈرافٹ سپیشل پراسیکیوٹر عمران الحق نے تیار کیا۔
درخواست میں سپریم کورٹ کے 15 دسمبر کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے متفقہ طور پر حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل یہ کہتے ہوئے خارج کر دی تھی کہ اپیل زائد المدت ہو چکی۔
اس کے بعد عدالت عظمیٰ نے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا تھا کہ کیس کی دوبارہ تحقیقات نہیں ہوسکتی۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ نے ریفرنس درست طور پر مسترد کیا۔
اسحاق ڈار کے بیان کو درست تسلیم کر بھی لیا جائے تواس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں بنتی۔
حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس مشرف دور میں نیب کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے 25 اپریل 2000 کو لیے گئے اس بیان کی بنیاد پر دائر کیا گیا جس میں انہوں نے جعلی اکاونٹس کے ذریعے شریف خاندان کے لیے ایک کروڑ 48 لاکھ ڈالر کی مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا تھا۔
2014 میں لاہور ہائی کورٹ نے یہ ریفرنس خارج کرتے ہوئے اپنے حکم میں کہا تھا کہ نیب کے پاس ملزمان کے خلاف ناکافی ثبوت ہیں۔
ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، حمزہ شہباز ، عباس شریف ، شمیم اختر ، صبیحہ شہباز ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر فریق ہیں جبکہ اسحاق ڈار کو بطور وعدہ معاف گواہ شامل کیا گیا۔