Friday, April 19, 2024

حدیبیہ پیپرز ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی درخواست مسترد

حدیبیہ پیپرز ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی درخواست مسترد
December 15, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپز ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے کی نیب کی اپیل مسترد کر دی۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے حدیبیہ کیس میں نیب کی اپیل کی سماعت کی۔ تینوں ججز نے نیب کی اپیل مسترد کرنے کا متفقہ فیصلہ دیا جسے جسٹس مشیر عالم نے پڑھ کر سنایا۔
جسٹس مشیر عالم نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نیب کی زائد المدت اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں اور تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
دوران سماعت نیب وکیل نے سیکشن 26 عدالت کو پڑھ کر سنایا
عدالت نے کہا کہ وہ ریفرنس نہیں اپیل سن رہے ہیں۔ آپ اپیل دائر کرنے میں تاخیر پر عدالت کو مطمئن کریں۔
وکیل نیب نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ریفرنس کھولنے کی اجازت دی جائے۔ اسحاق ڈار نے معافی نامہ دیا تھا۔
اس پر جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ جس بیان پر آپ کیس چلا رہے ہیں وہ دستاویز لگائی ہی نہیں جبکہ جسٹس مشیرعالم نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار کے بیان کونکال دیا جائے تو ان کی حیثیت ملزم کی ہو گی۔ اسحاق ڈارکو فریق ہی نہیں بنایا گیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ یہ سب کچھ بہت دلچسپ ہے۔ ریفرنس تب فائل ہوا جب مشرف حکومت تھی۔ چیئرمین نیب جنرل مشرف نے لگایا۔ چیئرمین کے دستخط کا حکم ملا تو دو سال بعد درخواست دی۔ نیب درخواست دائر کر کے بھول گئے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ نیب اتنے سال سے کیا کر رہا ہے۔
دلائل کے بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد میں سنا دیا گیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی روشنی میں لاہور ہائیکورٹ کا حدیبیہ پیپر ملز بند کرنے سے متعلق فیصلہ حتمی ہو گیا ہے۔