Sunday, September 8, 2024

حدیبیہ پیپر مل کیس تمام جرائم کی ماں ہے، شیخ رشید

حدیبیہ پیپر مل کیس تمام جرائم کی ماں ہے، شیخ رشید
September 16, 2017

لاہور (92 نیوز) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کو شرم ہو تو فوری مستعفی ہوجائے۔ حیران ہوں اسحاق ڈار نااہل کیوں نہیں ہوا۔ ایک سو چونسٹھ کے بیان پر سزا ہوتی ہے۔ صحیح کہتے ہیں اپوزیشن تو عمران خان، طاہر القادری اور شیخ رشیدعوامی مسلم لیگ نے کی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئیر سیاستدان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو آڑھے ہاتھوں لیا۔ انکا کہنا تھا کہ میں نے پورے خاندان پر نہیں صرف نواز شریف کے خلاف صادق اور امین نا ہونے کا کیس کیا۔

حدیبیہ پیپلر مل کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ حدبیہ پیپر مل کیس تمام جرائم کی ماں ہے۔ اس میں نواز، شہباز، مریم اور حمزہ سمیت تمام خاندان کے نام ہیں۔

تمام کاغذات جھوٹے تھے عدالت نے نرمی برتی نہیں تو سات سال کی سزا بھی ہوتی۔ اب یہ ترکی اور سعودیہ سے این آر او کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز پارٹی بھی توڑے گی اور خاندان بھی۔ جی ٹی روڈ پر مریم کے پروردہ صحافیوں سے بتائے گئے سوالات کرائے گئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ والیم دس میں بہت سے اکاونٹس کے جواب آنے شروع ہو گئے ہیں۔ انہیں جیلوں میں ڈال کر قرضوں اور لوٹ کی دولت حساب لینا چاہیے۔ اگر ان کی اتنی ہی مقبولیت ہے تو اسمبلیاں توڑ کر انتخاب کروالیں۔

انہوں نے ججز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان ججز کے بچے بھی فخر کریں گے کہ انہوں نے کرپٹ مافیا کے خلاف تاریخی فیصلہ دیا۔