Thursday, March 28, 2024

حجاج کرام کیلئے منیٰ میں خیمہ بستی میں نامناسب سہولیات کا انکشاف

حجاج کرام کیلئے منیٰ میں خیمہ بستی میں نامناسب سہولیات کا انکشاف
August 11, 2019
مکہ المکرمہ (92 نیوز) حجاج کرام کیلئے نامناسب سہولیات کا انکشاف ہو گیا۔ مہنگا حج ہونے کے باوجود خیموں میں مناسب رہائش تھی نہ ہی اے سی کی سہولت موجود تھی ۔ منیٰ میں خیمہ بستی کے مناظر سامنے آئے تو اللہ کے مہمان بول پڑے۔ خیمہ بستی کے قریب وضو کیلئے مناسب جگہ تھی نہ ہی خواتین کیلئے الگ انتظام تھا۔ بزرگ اور خواتین پانی کی بوتلیں بھر کر وضو کرنے پر مجبور تھے، پینے کیلئے بھی پانی موجود نہ تھا۔ مرد اور خواتین کیلئے الگ خیمے قائم نہ ہو سکے، ایک خیمے میں کئی منزلہ رہائش دی گئی۔ بیڈ پر مرد حضرات کو رہائش دی گئی جبکہ خواتین زمین پر سونے پر مجبور ہو گئیں۔ گرمی کے باعث عازمین حج ہاتھ والے پنکھے استعمال کرتے رہے۔ رواں برس حکومت نے حجاج کرام کو سہولیات دینے کے نام پر پچھلی حکومت کی نسبت تقریباً ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے مہنگا حج کرایا تاہم اللہ کے مہمانوں کے ساتھ انتظامیہ کے کھلواڑ کا سلسلہ پھر بھی نہ رک سکا۔ دوسری طرف نائنٹی ٹو نیوز نے معاملہ اٹھایا تو وزارت مذہبی امور بھی حرکت میں آگئی۔ ترجمان کے مطابق مکتب 94 سے منسوب ویڈیو آنے پر 5 رکنی ٹیم فورا روانہ کی گئی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے پانی کی کمی کی شکایت آنے پر مسئلہ گھنٹہ کے اندر حل کر دیا گیا، جس کے بعد مکتب 94 کے حجاج نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری، وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے بھی مکاتب کا دورہ کیا اور حجاج کرام سے ملاقاتیں بھی کیں۔