Thursday, April 25, 2024

حجاج کرام وقوف عرفہ کےبعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچ گئے

حجاج کرام وقوف عرفہ کےبعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچ گئے
August 21, 2018
عرفات ( 92 نیوز) حجاج کرام حج کے  رکن اعظم وقوف عرفہ کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ  پہنچ گئے، مزدلفہ پہنچنے کےبعد حجاج کرام نے مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں۔ حجاج کرام مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے  اور رمی کے لئے کنکریاں چنیں گے، اگلے روز نمازفجر کی ادائیگی کےبعد جمرات پہنچیں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کےبعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے، اور پھر طواف زیارت کریں گے۔ قبل ازیں مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیزآل شیخ نے مسلمانوں کو مایوسی کا راستہ چھوڑ کر امید کی راہ پر چلنے کی تلقین کی، ان کا کہنا تھا کہ ایک خدا کے احکامات پر عمل کرنا اور اسی سے ہی ڈرنا چاہئے ۔ خطبہ حج دیتے ہوئے ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل شیخ نے کہا کہ جب بھی بولیں، منہ سے اچھی بات نکالیں، وعدے کی پاسداری کرنا دین کا اہم جزو ہے، انہوں نے والدین اور پڑوسیوں سے اچھا سلوک کرنے کی بھی تلقین کی ۔ ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل شیخ نے کہا نبی اکرمؐ نے فرمایا تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہے، انہوں نے نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ توحید ورسالت پر ایمان کےبعد سب سے اہم نماز ہے، اللہ کا فرمان ہے نماز قائم کریں، یہ برائی اور بےحیائی سے روکتی ہے۔