Thursday, March 28, 2024

حج کیلئے عازمین کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز کل سے ہو گا

حج کیلئے عازمین کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز کل سے ہو گا
July 16, 2021

مکہ (92 نیوز) حج کے لیے عازمین کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، ہفتے کی رات سے حج کے ارکان کی ادائیگی شروع ہوگی۔

دنیا بھر میں کورونا کی عالمی وبا کے باعث مسلسل دوسری بار حج کورونا ایس او پیز پر عملدآمد کرتے ہوئے ادا کیا جارہا ہے، جس میں صرف سعودی شہری یا وہاں مقیم دیگر ممالک کے مسلمان جنہیں کوویڈ 19 ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں وہی شرکت کرسکیں گے۔

حجاج کرام کل مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ اس کے بعد اتوار 8 ذی الحج کو منیٰ پہنچنے کے ساتھ ہی مناسک حج کا آغاز ہو جائے گا۔ حجاج کرام 8 ذی الحج کو ظہر سے لے کر 9 ذی الحج کی فجر تک پانچوں نمازیں منیٰ میں ادا کریں گے، جس کے بعد وہ عرفات کا رخ کریں گے۔

حج کے دوسرے دن نویں ذی الحج کوسورج طلوع ہونے كے بعد حجاج کرام عرفات كى طرف روانہ ہونگے، وہاں ظہر اور عصر كى نمازيں اداکریں گے۔ اس دن عرفات کے میدان میں ٹھہرنے کو وقوف عرفہ کہا جاتا ہے اور اصل حج کا دن یہی ہوتا ہے۔

غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام عرفات سے مزدلفہ کی طرف روانہ ہونگے اور مغرب و عشاكى نمازيں مزدلفہ پہنچ كر ایک ساتھ اداکی جائیں گی۔ حجاج مزدلفہ میں رات گزارتے اور یہاں رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔

کورونا کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سال 60 ہزار مقامی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے، جبکہ مسجد الحرام سے میدان عرفات، مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ عرفات،مزدلفہ جانے کے لیے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی۔

سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے لیے 10 اسپتال اور 82 طبی مراکز صحت قائم کردئیے ہیں۔ تمام اسپتالوں اور طبی مراکز کو کوویڈ19  کے ایس اوپیز کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی کی جائے گی۔