Friday, May 3, 2024

حج کرپشن کیس  : سابق وفاقی وزیربرائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16سال قید کی سزا سنادی گئی

حج کرپشن کیس  : سابق وفاقی وزیربرائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16سال قید کی سزا سنادی گئی
June 3, 2016
  اسلام آباد(92نیوز)سستی رہائش گاہیں مہنگی پڑھ گئیں، ملکی تاریخ  کے بڑے سیکنڈل میں ملوث بڑے ناموں کو  بڑی سزائیں  سنا دی گئیں ، سابق وزیرمذہبی امورحامد سعید کاظمی  کو 16 اور سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کو 40 سال قید  سنا دی گئی۔ تفصیلات کےمطابق سال 2010، موقع حج کا وزارت مذہبی امور کے بڑے بیٹھے، پلان بنایا، حجاج کرام  کو لوٹا اور 880 کروڑ روپے ہضم کر گئے حجاج کرام واپس آئے، چیخے چلائے، خبر سپریم کورٹ تک جا پہنچی اور پھر سب کا بلاوا آ گیا ایف آئی اے کو ذمہ داری ملی، ادھر دوڑے، ادھر دوڑے، سعودی عرب سے ریکارڈ لیا اور پتہ چلا کہ سب کہانی  وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی، جوائنٹ سیکرٹری راجہ آفتاب الاسلام اور ڈی جی حج راو شکیل کے گرد گھومتی ہے مکہ اور مدینہ میں حجاج کے لیے خستہ حال اور دور دراز علاقوں میں رہائش گاہیں لی گئیں پانی تھا نہ بہتر ٹرانسپورٹ۔ تحقیقات مکمل ہوئیں توکیس  سپیشل جج سنٹرل ملک نذیر کی عدالت میں آ گیا وکلا نے دلائل دیئے، عدالت نے حکم سنا دیا۔ حامد سعید کاظمی اور سابق جوائنٹ سیکرٹری راجہ آفتاب الاسلام  کو 16،16سال قید اور 14کروڑ 83لاکھ 97ہزار روپے جرمانہ ہو گیا۔ سابق ڈی جی حج راو شکیل کو40سال قید اور مجموعی طورپر 15کروڑ 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ رقم کی وصولی کے لیے ملزمان کی جائیداد ضبط کی جائے تینوں مجرموں کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ۔