Wednesday, May 1, 2024

حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا

حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا
July 30, 2020

مکہ مکرمہ ( 92 نیوز) حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا ، حجاج کرام منیٰ میں رات گزانے کے بعد حج کا رکن اعظم ادا کرنے کیلئے میدان عرفات روانہ ہو چکے ہیں ۔

حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کیلئے خوش نصیبوں کے قافلے منیٰ سے میدان عرفات پہنچنا شروع ہو گئے ، رواں برس کورونا وبا کے سبب عازمین حج کیلئے مسجد نمرہ میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، میدان عرفات میں عارضی فیلڈ اسپتال بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

میدان عرفات میں خطبہ حج دیا جائے گا ، رواں سال حج کا خطبہ 89سالہ علامہ عبداللہ بن سلیمان المنیع دیں گے،خطبہ کا ترجمہ اردو سمیت دس زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

خطبہ حج کے بعد حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں ایک  ساتھ  ادا کریں گے، غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔

نمازمغرب اور عشاء ایک ساتھ ادائیگی کے بعد حجاج کرام جمعرات کی شب مزدلفہ میں ہی گزاریں گے۔ جمعہ 10 ذو الحجہ کو حجاج کرام مزدلفہ میں نماز فجر ادا کرکے منیٰ واپس لوٹیں گے،یہاں پہنچ کر سب سے بڑے شیطان ’جمرات العقبہ‘ کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

اس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی  کی جائے گی اورپھر حجاج کرام سر منڈا کر احرام  کھول دیں گے۔ اسی روز مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں طواف زیارت کیا جائے گا اور رات واپس منی آ کر گزاری جائے گی۔