Sunday, September 8, 2024

حج سے قبل مرس وائرس سے 19افراد کی ہلاکت نے سعودی عرب کو پریشان کر دیا

حج سے قبل مرس وائرس سے 19افراد کی ہلاکت نے سعودی عرب کو پریشان کر دیا
August 28, 2015
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مرس وائرس (مڈل ایسٹ ریسپائٹری سنڈروم) پھیلنے سے اب تک 19افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں مزید چار اموات ہوئی ہیں جس سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ حکام نے تسلیم کیا ہے کہ وہ اس بیماری کے پھیلنے کے بارے میں تشویش مند ہیں کیونکہ سعودی عرب میں آئندہ ماہ 20 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے آرہے ہیں۔ واضح رہے کہ چند ہفتے قبل اس وائرس نے جنوبی کوریا میں بھی بہت تباہی پھیلائی تھی اور درجنوں اموات واقع ہوئی تھیں جبکہ ملک بھر میں کاروبار زندگی بند ہو کر رہ گیا تھا۔ ماضی میں مرس انفیکشن سے مشرق وسطیٰ، یورپ اور ایشیا میں بھی اموات ہوچکی ہیں۔ مرس وائرس سعودی عرب میں پہلی مرتبہ ستمبر 2012ءمیں منظرعام پر آیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مرس وائرس کے حالیہ کیسز دارالحکومت ریاض کے ایک ہسپتال سے پھیلے ہیں۔ مرس نظام تنفس کو متاثر کرتا ہے جس کی وجہ سے بخار، سرسام یا نمونیا ہو جاتا ہے اور گردے ناکارہ ہو جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔