Sunday, May 12, 2024

حبیب جالب کی 28 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

حبیب جالب کی 28 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
March 12, 2021

لاہور ( 92 نیوز) عظیم انقلابی شاعر حبیب جالب نے جولکھاامرہوگیا،انقلاب کانعرہ ہی نہیں لگایا،اپنی زندگی کوانقلاب کی عملی تفسیربنادیا، ان کی 28 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے ۔

1928 میں پیداہونے والے انقلابی شاعرحبیب جالب انیس سوسینتالیس میں تقسیم ہند پر پاکستان آئے، جالب نے آمریت کےخلاف لکھا ،خواتین کےساتھ حدود آرڈنینس کےخلاف سڑکوں پرمظاہرےبھی کئے۔

جالب کو کئی مرتبہ جیل میں سزا بھی کاٹنی پڑی،وہ اپنے مقامی انداز کی وجہ سے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتے تھے، وہ سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ اور سماجی و اقتصادی نظام کے خلاف بے باکانہ انداز میں آواز بلندکرتے تھے۔

ان کی نظمیں دستور اور مشیر آج بھی اتنی ہی مقبول ہیں جتنی اس وقت تھیں جب انہیں پہلی مرتبہ پڑھا گیا تھا۔

حبیب جالب کی انقلابی شاعری کااثر انکی اپنی زندگی پر بھی تھا، اپنی علالت پر اُس وقت کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو سے ایک روپیہ تک لینے سے انکار کردیا۔

اپنی ترقی پسند شاعری سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنےحبیب جالب کاباغیانہ سفر 1993 میں آج کے دن اپنی تکمیل کوپہنچ گیا۔