Thursday, April 18, 2024

حاملہ خواتین ریو اولمپکس کیلئے برازیل کے سفر سے گریز کریں : عالمی ادارہ صحت

حاملہ خواتین ریو اولمپکس کیلئے برازیل کے سفر سے گریز کریں : عالمی ادارہ صحت
June 1, 2016
ریو ڈی جنیریو (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے ریو اولمپکس میں شریک کھلاڑیوں اور دیگر شائقین کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات میں حاملہ خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اولمپکس کیلئے ریو کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے یہ ہیلتھ ایڈوائزری ایک ایسے وقت میں جاری کی ہے جب ریو اولمپکس کو ملتوی کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا کے 60 ممالک میں برازیل واحد ملک ہے جہاں زکا وائرس ابھی تک مچھروں سے پھیل رہا ہے۔ دونوں عالمی اداروں نے حاملہ خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سے اکیس اگست تک ہونے والی اولمپکس گیمز کیلئے برازیل سفر سے گریز کریں۔ ہیلتھ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لوگ مچھروں کے حملوں سے بچنے کیلئے ہلکے رنگوں کا لباس پہنیں اور ایسے ملبوسات کا انتخاب کریں جو ان کے جسم کو مکمل ڈھانپ کر رکھے۔ مسافر اپنی اقامت کیلئے ایئر کنڈیشنڈ کمروں کا انتخاب کریں کیونکہ ان کی کھڑکیاں اور دروازے عموماً بند ہوتے ہیں اس لیے مچھر ان میں داخل نہیں ہو سکتے۔ واضح رہے کہ دنیا کے 100 سے زائد سائنسدانوں نے کچھ روز قبل انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور عالمی ادارہ صحت سے اپیل کی تھی کہ زکا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ریو اولمپکس کو ملتوی کر دیا جائے یا ان کا مقام تبدیل کر دیا جائے مگر اس اپیل کو مسترد کر دیا گیا۔