Friday, April 19, 2024

حالیہ بارشیں تباہی مچا گئیں، 36سے زائد افراد جاں بحق

حالیہ بارشیں تباہی مچا  گئیں، 36سے زائد افراد جاں بحق
April 18, 2019

لاہور (92 نیوز) ملک میں حالیہ بارشیں  تباہی مچا گئیں، مختلف حادثات میں 36 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ، کئی دیہات زیر آب آنے سے سینکڑوں کچے مکانات بہہ گئے، سیلابی پانی نے گندم اور مکئی کی کھڑی فصلیں تباہ کر دیں، سب سے زیادہ نقصان پنجاب میں ہواجہاں آم اور انار کے باغات بھی شدید متاثر ہوئے۔

موسم گرما کی  حالیہ بارشیں ستم ڈھا گئیں۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشیں اور تیز آندھی  تباہی کی داستانیں رقم کر گئیں ۔

ابر رحمت تین دن تک زحمت بنا رہا، چھتیں اور دیواریں گرنے کے درجنوں واقعات رونما ہوئے جن میں تین درجن سے زائد افراد لقمہ اجل  بن گئے۔

لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشیں اور طوفانی ہوائیں پریشانی کا باعث بنی رہیں، سب سے زیادہ نقصان کسانوں اور زمینداروں کا  ہوا۔

جنوبی پنجاب میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، متعدد دیہات زیرآب آگئے، کچے مکانات ریلوں میں بہہ گئے، گندم اور مکئی کی کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

چونیاں، بہاولنگر، شہدادکوٹ، علی پور، لودھراں سمیت متعدد شہروں  میں بھی شدید بارشیں  فصلوں کو شدید نقصان پہنچا گئیں ، آم کے باغات بھی اجڑ گئے جبکہ درختوں پر لگا بور  جھڑ گیا۔

ادھر بلوچستان کے اضلاع سنجاوی اور زیارت میں تیز بارشوں نے سیلابی صورتحال اختیار کر لی ۔  ہرنائی، ڈیرہ مراد جمالی میں سیلابی ریلے کے باعث ریلوے ٹریک کا ایک حصہ متاثر ہوااور ٹرینوں کی آمدو رفت بھی متاثر ہوئی۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں شدید بارشیں  نظام زندگی درہم برہم کر گئیں ، بولان میں سیلابی ریلے سے بھاگ تا بختیار آباد روڈ پر 12فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔

مشکل وقت میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اہم حکم جاری کیا ،  انہوں نے حالیہ بارشوں سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔