Friday, May 17, 2024

حالیہ انکشافات نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کا ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا ہے ، وزیر اعظم

حالیہ انکشافات نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کا ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا ہے ، وزیر اعظم
January 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا حالیہ انکشافات نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کا ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا ہے۔

بھارتی صحافی کے ہوشربا انکشافات پر وزیراعظم عمران خان بھی بول پڑے۔ ٹوئٹ میں کہا میں نے 2019 میں اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران بھارتی سفاکی کوعیاں کیا۔ مودی حکومت کے بالاکوٹ معاملے کو انتخابی فوائد کیلئے استعمال کرنے کی بات کی تھی۔ بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگو سے بھارتی میڈیا اورمودی سرکار کا ‏ناپاک گٹھ جوڑ افشا ہو گیا اور پاکستان بھارتی مزموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی مہم جوئی خطے کو غیرمستحکم کرنے کا باعث ‏بنی۔ بھارتی ایڈونچر پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کر سکتا تھا۔ عالمی برادری بھارت کو ناپاک ارادوں سے روکنے کیلئے اقدامات کرے۔

وزیراعطم نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ رویے اور بالاکوٹ پر مناسب جواب کے ذریعہ بڑے بحران کو روک لیا۔ اس کے باوجود مودی حکومت نے بھارت کو شدت پسند ریاست بنانے کا کام جاری رکھا۔

  

وزیراعظم نے کہا کہ مودی بھارت کو ایسا ملک بنا رہا ہے جو دوسرے ممالک کیلئے خطرناک ہو۔ بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کا ‏ناپاک گٹھ جوڑ نیوکلئیر خطہ کو تنازعہ میں دھکیل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف 15 سالہ عالمی ڈس انفارمیشن مہم ایکسپوز ہوئی اور بھارت کی جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزیاں بے نقاب ہوئیں۔