Tuesday, April 23, 2024

حادثے کی شکار ٹرین کی متاثرہ بوگیوں اور انجن کو پٹڑی پر چڑھانے کا کام جاری

حادثے کی شکار ٹرین کی متاثرہ بوگیوں اور انجن کو پٹڑی پر چڑھانے کا کام جاری
December 23, 2017

بھکر (92 نیوز) بھکر کے علاقے کلورکوٹ شاہ عالم میں حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کی متاثرہ بوگیوں اور انجن کو پٹڑی پر چڑھانے کا کام جاری ہے۔
بھکر کے علاقے کلورکوٹ شاہ عالم میں رات کے وقت ٹرین گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کو دس گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹریک کو بحال نہ کیا جا سکا تاہم کندیاں جنکشن سے پٹڑی سے اترے انجن اور بوگی کو ٹریک پر لانے کے لیے ریلیف ٹرین شاہ عالم پہنچی۔
متاثرہ بوگیوں اور انجن کو پٹڑی پر چڑھانے کا کام جاری ہے جبکہ باقی بوگیوں کو متبادل انجن لگا کر براستہ سرگودھا ملتان روانہ کر دیا گیا
حادثے کے بعد ملتان سے راولپنڈی اور پشاور سے راولپنڈی، کراچی جانے والی ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔
حادثے میں انجن کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ نقصان کا تخمینہ 20 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
ڈویژنل انجینئر ریلوے ملتان شعیب عزیز نے کہا کہ گنا ٹرالی کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔
ادھر پولیس نے ریلوے افسران کی درخواست پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
دوسری طرف ریلیف کرین کے ذریعے انجن کے ساتھ پھنسی ٹرین کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ امدادی ٹیموں نے ٹریک سے اترنے والی بوگی کو ٹریک پر چڑھا دیا ہے۔