Thursday, April 18, 2024

حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے ، فردوس عاشق

حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے ، فردوس عاشق
January 15, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  بلوچستان اور آزاد کشمیر میں حادثات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے ۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ  اپنی  تمام تر مصروفیات ایک طرف رکھتے ہوئے  وزیراعظم آج آزاد جموں وکشمیر جائیں گے اور تازہ ترین صورتحال کا خود جائزہ لیں گے ، زخمیوں کی عیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ  آزمائش کی اس گھڑی میں ہم وطنوں کے ساتھ ہیں، آزاد جموں کشمیر میں برفانی تودا گرنے کے بعد کی صورتحال کا وزیراعظم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری امدادی اقدامات کی ہدایت کی، وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر مشکلات سے دوچار شہریوں اور متاثرین کی بھرپور امداد کے احکامات دیے ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت زخمیوں کے بھرپور علاج معالجے کیلئے ہدایات دیں ،آزاد جموں و کشمیر حکومت اور متعلقہ محکموں کے اشتراک عمل سے متاثرہ خاندانوں  اور شہریوں کی مدد کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔