Friday, April 19, 2024

جے یو آئی کے آزادی مارچ میں متنازعہ جھنڈے، پولیس نے چھ افراد پکڑ لئے

جے یو آئی کے آزادی مارچ میں متنازعہ جھنڈے، پولیس نے چھ افراد پکڑ لئے
November 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جے یو آئی کے آزادی مارچ میں متنازعہ جھنڈے لہراتے رہے، اسلام آباد پولیس نے چھ افراد کو حراست میں لے لیا، پرویز خٹک اور فردوس عاشق نے  تنقید کی جبکہ جمعیت علماء اسلام نے کالعدم تنظیم کے جھنڈے لہرانے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا، ڈپٹی کمشنر نے بھی کہا پکڑے جانے والوں کا جمعیت علماء اسلام سے تعلق نہیں۔ آزادی مارچ میں متنازعہ جھنڈے لہرائے گئے ، اسلام آباد پولیس نے ریاست کے 6 مخالفین کو پکڑ لیا، وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا اگر متنازعہ جھنڈے میں بھی لہراؤں گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ جتھوں، ملیشیا اورطالبان کے جھنڈے بلند کرکے مولانا پاکستان کا تشخص کیوں داغدار کرنا چاہتے ہیں؟۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر کہا فضل الرحمٰن اقتدار کی محرومی کا بدلہ پاکستان اور قوم سے نہ لیں ۔ دوسری جانب  جمعیت علماء اسلام نے کالعدم تنظیموں کے جھنڈے لہرانے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور کہا انتظامیہ نے ہمارا تاثر خراب کرنے کیلئے  جھنڈے پکڑا کر لوگوں کو پنڈال میں داخل کیا،باقی حربوں کی طرح یہ حربہ بھی بے نقاب ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے بھی بیان سامنے آگیا جس میں انہوں نے کہا کہ متنازعہ جھنڈے لہرانے پرگرفتار کئے جانے والے افراد میں جے یو آئی یا انصار الاسلام کا کوئی رکن شامل نہیں۔