Sunday, May 12, 2024

جے یو آئی کے ملکی شاہراہوں پر دھرنے، نیٹو سپلائی اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل

جے یو آئی کے ملکی شاہراہوں پر دھرنے، نیٹو سپلائی اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل
November 17, 2019
کوئٹہ (92 نیوز) جے یو آئی کے پلان بی کے تحت ملک کی مختلف شاہراہوں پردھرنوں کا سلسلہ 5 ویں روز بھی جاری ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ ژڑہ بند کے مقام پر بند کردی گئی جس کے باعث نیٹو سپلائی اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل ہوگئی۔ جے یوآئی کارکنوں نے جی ٹی روڈ کو بلاک کردیا، کراچی میں حب ریورروڈ بھی بند ہے۔ جمعیت علماء اسلام ف کے پلان بی کے تحت دیا جانے والا دھرنا پانچویں روز میں داخل ہوگیا، دھرنوں کے باعث بند کی شاہراہوں کے دونوں اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ادھر جیکب آباد میں جے یوآئی ف کے کارکنوں نے احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے، انصار السلام کے سالاروں نے قومی شاہراہ کو بلاک کردیا۔ شاہراہ کے دونوں اطراف پولیس کی نفری تعینات ہے، ٹریفک کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔ جیکب آباد میں سردی کے باعث مقامی رہنماءاور کارکنان کی بڑی تعداد تاحال اپنے گھروں تک محدود ہے، شام 6 بجے جمعیتِ علماء اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومرو کی آمد متوقع ہے۔