Saturday, May 18, 2024

جے یو آئی کے صوبوں کو ملانے والی شاہراہوں پر دھرنے، حکومت گرا دینگے، فضل الرحمٰن

جے یو آئی کے صوبوں کو ملانے والی شاہراہوں پر دھرنے، حکومت گرا دینگے، فضل الرحمٰن
November 15, 2019
نوشہرہ (92 نیوز) مولانا فضل الرحمٰن کے پلان بی کا جو حکومت کےساتھ ساتھ عوام کو بھی کافی ٹف ٹائم دے رہا ہے۔ جے یو آئی نے دوسرے روز بھی صوبوں کو ملانے والی شاہراہوں پر دھرنے دیئے۔ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں 24 گھنٹے میں پورا پاکستان بند کر دیا۔ حکومت کو ایک اور جھٹکا دے کر گرا دیں گے۔ آزادی مارچ کے پلان بی کے تحت نوشہرہ میں حکیم آباد کے مقام پر دوسرے روز بھی دھرنا جاری رہا، صبح کارکنوں کی تعداد کم تھی تاہم جمعہ اور کھانے کے بعد باقاعدہ آغاز ہوا، کارکنوں کی چارسدہ کے مشہور موٹے چاول اور آلو گوشت سے تواضع کی گئی۔ کراچی میں حب ریور روڈ پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا، حب ریور روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی، شرکاء نے نماز جمعہ بھی حب ریور روڈ پر ہی ادا کی، موچکو تھانے میں جے یو آئی سندھ قیادت کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سکھر میں پلان بی بارش کی نذر ہوگیا، قومی شاہراہ، روہڑی بائی پاس اور پنوعاقل میں دھرنا ختم کرنا پڑا، وہاں سے کارکن ٹھیری بائی پاس پہنچے اور پنجاب سے کراچی جانے والی ٹریفک بند کر دی۔ تونسہ شریف میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سنگم انڈس ہائی وے کو بند کردیا گیا جس سے کراچی سے پشاور اور راولپنڈی کی ٹریفک بند ہوگئی، ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ روڈ بھی بلاک رہا۔ راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا، چکدرہ میں تکرار بھی ہوئی، پشاور ہائیکورٹ نے سڑکوں کی بندش سے روک دیا، عدالت نے کہا حکم جاری کر رہے ہیں، عمل درآمد کرنا حکومت کا کام ہے۔