Friday, March 29, 2024

جے یو آئی کا آزادی مارچ آج سکھر سے روانہ ہوگا

جے یو آئی کا آزادی مارچ آج سکھر سے روانہ ہوگا
October 28, 2019
سکھر (92 نیوز) جے یو آئی کا آزادی مارچ آج سکھر سے روانہ ہو گا ، آزادی مارچ سکھر سے براستہ رحیم یار خان ملتان کیلئے روانہ ہو گا ، مارچ گزشتہ روز کراچی سے چلا اور حیدر آباد سے ہوتا ہوا سکھر پہنچا ۔ ناشتے میں شرکاء کی چنے پراٹھا ، سبزی اور چائے سے تواضع کی گئی ۔ مولانا فضل الرحمان کیلئے نیا بم پروف کنٹینر بھی تیار کر لیا گیا ، ادھر آزادی مارچ کے شرکاء نے کسی ٹول پلازے پر ٹیکس نہ دیا۔ جے یو آئی کے آزادی مارچ کے شرکاء نے سکھر میں پڑاؤ ڈالا اور رات وہیں بسر کی ، مولانا فضل الرحمان نے رات لاڑکانہ میں قیام کیا ۔ ترجمان جمعیت علمائے اسلام ف کے مطابق  مولانا نے مارچ سے الگ ہونے کا فیصلہ  جگہ جگہ کارکنوں کے ٹھہرنے کے اصرار پر کیا جس سے مارچ سست روی کا شکار تھا۔ مولانا فضل الرحمان آج لاڑکانہ سے سکھر پہنچیں گے جہاں کارکنوں سے خطاب کریں گے ، مارچ کے شرکاء دن 11 بجے سکھر سے  ملتان کیلئے روانہ ہوں گے ۔ گزشتہ روز آزادی مارچ کا قافلہ کراچی سے روانہ ہوا تو  پاکستان پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن ، اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما اور کارکن آزادی مارچ میں شرکت کیلئے پہنچے ، روانگی سے قبل  مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے  ہیں ، ان پر ظلم و ستم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سہراب گوٹھ سے آزادی مارچ ریلیوں کی صورت میں روانہ ہوا تو انٹر چینج برج کے مقام پر آزادی  ٹرک ساؤنڈ اسپیکر کی اونچائی کے باعث پھنس گیا۔ آزادی مارچ کراچی سے ہوتا ہوا حیدر آباد پہنچا جہاں مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں سے مختصر خطاب کیا۔