Wednesday, May 22, 2024

جے یو آئی (ف )کا آزادی مارچ روکنے کی حکمت عملی تیار، اسلام آباد میں پکڑ دھکڑ شروع

جے یو آئی (ف )کا آزادی مارچ روکنے کی حکمت عملی تیار، اسلام آباد میں پکڑ دھکڑ شروع
October 21, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جے یو آئی (ف ) کا آزادی مارچ روکنے کی حکمت عملی تیا رکر لی گئی ، اسلام آباد میں پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی ، پولیس نے  بینر لگانے والے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا ، بعد ازاں عدالتی حکم پر دونوں کو رہا کر دیا گیا۔ جے یو آئی (ف )کا آزادی مارچ روکنے کےلئے  27 اکتوبر سے قبل اسلام اباد کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، قومي اداروں کےخلاف تقرير پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے ،  تحريک انصاف کے سينيٹر شبلی فرازنے تو دھرنے کا امکان ہی مسترد کردیا ۔ آزادی مارچ والوں کیلئے  27 اکتوبر سے قبل ہی مشکل مرحلہ شروع ہو گیا ، مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر پابندی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے ، اسلام آباد میں بینرز آویزاں کرنے پر مولانا شفیق الرحمن اور مولانا ارشاد کو گرفتار کیا گیا بعد ازاں عدالتی حکم پر رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 27 اکتوبر سے اسلام اباد کی طرف آنے والے تمام راستے بند کرنے کا کا فیصلہ کیا گیا ہے ، موٹر ویز اور جی ٹی روڈ  بند کردئیے جائیں گے ،اسلام آباد کو بھی سیل کردیا جائیگا ۔ ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے اور فوج طلب کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جب کہ پولیس نے تین دن کیلئے 15 کروڑ کا بجٹ مانگ لیا ہے ۔ دوسری جانب  اسلام آباد کے شہری شاہجہان نے قومي اداروں کے خلاف تقرير پرمولانا فضل الرحمان کيخلاف درخواست دائرکرکے مولانا اور ان کی جماعت پر پابندی کی استدعا کردی جبکہ قائد ایوان شبلی فراز کی دھرنا ناکام ہونے کی پیشگوئی  کی ۔