Sunday, September 8, 2024

جے ٹی آئی نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد ملزم الطاف حسین تک رسائی کیلئے انٹرپول کیساتھ رابطے کیلئے خط لکھ دیا

جے ٹی آئی نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد ملزم الطاف حسین تک رسائی کیلئے انٹرپول کیساتھ رابطے کیلئے خط لکھ دیا
January 9, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) جے ٹی آئی نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں نامزد ملزم الطاف حسین تک رسائی کیلئے وزارت داخلہ کو انٹرپول کے ساتھ رابطے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ خط انٹرپول کے توسط سے برطانوی حکام اور سکاٹ لینڈ یارڈ کو پہنچایا جائے گا۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے نامزد ملزموں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین، محمد انور اور افتخار حسین تک رسائی کے لئے انٹرپول اور وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں درخواست کی گئی ہے کہ تینوں افراد ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس نامزد ملزم ہیں اور ان سے تفتیش کے لئے رسائی درکار ہے۔ جےآئی ٹی ذرائع کے مطابق خط میں عمران فاروق قتل سے متعلق لندن میں موجود  شواہد  تک بھی رسائی مانگی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارت داخلہ سفارتی ذرائع سے برطانوی حکام کو ان شواہد  تک رسائی کے لئے بھی درخواست کرے گی۔ خط میں مقتول ڈاکٹر عمران فاروق کی لندن میں مقیم اہلیہ تک رسائی  کی بھی درخواست کی گئی ہے جو کیس کی ایک اہم گواہ ہیں اور ان کے پاس قتل کیس سے متعلق اہم معلومات بھی ہیں جبکہ جائے وقوعہ کے معائنے کی اجازت بھی مانگی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں کیس کے ثبوت اور شواہد اکٹھے کرنے کے لئے ایک ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تفتیشی افسر شہزاد ظفر چودھری  کی سربراہی میں ٹیم نے کراچی سے ملزموں کے بنک اکاونٹس اور دیگر اہم شواہد بھی حاصل کر لئے ہیں۔