Wednesday, May 8, 2024

جے وی اوپل کیس، بلاول بھٹو کی 13 فروری کو نیب طلبی

جے وی اوپل کیس، بلاول بھٹو کی 13 فروری کو نیب طلبی
February 10, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے جے وی اوپل کیس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو طلب کرلیا۔ 13 فروری کو کمپنی کے ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت اور باضابطہ سمن بھی جاری کردیا۔ جے وی اوپل کیس میں نیب راولپنڈی نے ایک اور بڑی طلبی  کرلی، چیئرمین پیپلزپارٹی کو 13 فروری کو پیش ہونے کی ہدایت  کردی، طلبی کا باضابطہ سمن جاری کردیا۔ زرداری گروپ آف کمپنی کا 2008 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کردی، نیب نے بلاول بھٹو سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کرلی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جے وی اوپل میں 25 فی صد شیئر ہولڈر ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق 1.224 ارب روپے نجی بینک سے جے وی اوپل کو ٹرانسفر ہوئے تھے، پھر یہ رقم جے وی اوپل کے اکاؤنٹ سے نکلوائی بھی گئی تھی۔ نیب نے کمپنی کی آڈٹ رپورٹ اور بلاول کی دستخط شدہ دستاویزات بھی حاصل کرلی ہیں۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے جے وی اوپل انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی جس پر چئیرمین نیب نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ پیپلزپارٹی کی رہنماء شیری رحمان نے طلبی کے سمن پر ردعمل میں کہا کہ حکومت نیب کی ڈوریں ہلاکر سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہے، بلاول بھٹو زرداری ملک کے بہادر لیڈر ہیں، وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، نیب کے پیچھے چھپنے سے عمران خان بچ نہیں سکتے۔